12 نومبر 2012 - 20:30

ایران کی مدافعان آسمان ولایت -4 نامی ایر ڈیفنس عظیم فوجی مشقوں کا آج ملک کے شمال مشرقی ۔ مشرقی اور جنوبی علاقوں میں آغاز ہوگیا۔

ابنا: ان مشقوں کا مقصد، دفاعی فضائی نظام کو مستحکم بنانا ہے جس میں مختلف قسم کی حکمت عملی اور تدابیر کا اختیار کیا جانا نیز مختلف طرح کے دفاعی طریقوں کو آزمانا اور اسی طرح ملک اور خاص طور سے اہم و حّساس مراکز کو لاحق ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنا اور اس سلسلے میں مکمل دفاعی آمادگی رکھنا ہے۔ ان عظیم فوجی مشقوں کا دائرہ، مختلف صوبوں اور علاقوں پر مشتمل نو لاکھہ پچاس ہزار مربع کلو میٹر سے زائد کے رقبے تک پھیلا ہوا ہے۔ ان مشقوں سے متعلق میڈیا مرکز نے اعلان کیا ہے کہ ان مشقوں کے پہلے مرحلے میں مختلف شعبوں میں فضائی دفاعی نظام کو فروغ دینا ہے اور کل صبح مشقوں کے آغاز میں ایران کے ایف چار ۔ ایف پانچ ۔ ایف سات ۔ ایف چودہ ۔ سوخوئے اور میراج جنگی طیاروں سمیت ڈرون طیارے مختلف علاقوں کی فضا میں پھیل گئے جنھوں نے سراغ رسانی سمیت مختلف قسم کی کاروائیاں انجام دیں اور اس کے ساتھہ ساتھہ مختلف میزائیلوں اور ریڈاروں کے تجربات کے علاوہ مواصلات و اطلاعات کے تبادلے کے شعبوں میں بھی توانائیوں کا مظاہرہ کیا گیا ۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر نگراں ماہرین نے الیکٹرو آپٹیکی اور مواصلاتی آلات کا استعمال کرکے ان کی توانائیوں کا جائزہ لیا۔ یہ فوجی مشقیں، فوج ۔ سپاہ ۔ پولیس فورس اور عوامی رضاکار فورس یعنی بسیج کے ساتھہ ساتھہ ایر ڈیفنس یونٹوں کی شرکت سے انجام پارہی ہیں جن میں ریڈار نظام ۔ میزائیلوں ۔ توپ خانے ۔ جنگی اور ڈرون طیاروں ۔ الیکٹرانک آلات سے سماعت کے نظام ۔ الیکٹرانک جنگ ۔ دفاعی نگراں پوسٹوں ۔ اور ایر ڈیفنس سیسٹم کی توانائی اور ان کے امور پر توجہ دی جارہی ہے ۔ خاتم الانبیاء ایر ڈیفنس مرکز کے کمانڈر بریگیڈیرجنرل  فرزاد اسماعیلی کا کہنا ہے کہ یہ فوجی مشقیں، وسیع و عریض فضائی علاقوں میں ایر ڈیفنس نظام کی توانائی کا جائزہ لینے اور مظاہرہ کرنے کے مقصد سے انجام پارہی ہیں جن میں فوجی توانائی منجملہ افردی قوّت اور جنگی سازوسامان نیز فوجی آلات کے استعمال کو فروغ دینا بھی شامل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے مقاصد میں آمنے سامنے کے فضائی مقابلے کی جدید حکمت عملی اور مشق ۔ اندرون ملک تیار کئے جانے والے آلات کی آزمائش اور ڈرون طیاروں کی توانائی و تجربے کرنا بھی شامل ہے جبکہ ایران کی مدافعان آسمان ولایت چار نامی ایر ڈیفنس عظیم فوجی مشقوں کا اہم ترین مقصد، دوست و پڑوسی ملکوں کو امن و دوستی کا پیغام دینا اوران ملکوں کے مشترکہ مفادات کو مزید مستحکم بنانا ہے جبکہ اپنی ان عظیم فوجی مشقوں سے ایران کی مسلح افواج، کسی بھی قسم کی ممکنہ جارحیت کے مقابلے میں اپنی دفاعی توانائی کا بھی مظاہرہ کریں گی ۔ ایران کی مدافعان آسمان ولایت چار نامی ایر ڈیفنس عظیم فوجی مشقیں، آئندہ چار دنوں تک چار ٹیکٹکی مرحلوں میں جاری رہیں گی۔

............

/110